ابنا: تازہ ترین اطلاعات کےمطابق صدارتی انتخابات میں مصر کی اخوان المسلمین کے امیدوار محمد مرسی نے دوسرے امیدواروں کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں ۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق صدارتی انتخاب کا پہلا مرحلہ بے نتیجہ رہا ہے اور دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ناگزیر ہو گئی ہے۔ابتدائی نتائج کے مطابق اخوان المسلمین کے امیدوار محمد مرسی مختلف صوبوں میں آگےہیں انھوں نے چھببیس فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ حسنی مبارک کےدورکےسابق وزیراعظم احمد شفیق نے چوبیس فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ووٹوں کی گنتی ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے اور انتخاب کے حتمی نتائج کا اعلان منگل کو متوقع ہے۔ اخوان المسلمین نے کہا ہے کہ انقلاب کو بچانے کے لیے وہ دوسری سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گا تاکہ حسنی مبارک کی باقیات کی اقتدار میں واپسی کو روکا جا سکے۔اخوان المسلمین کے ترجمان نے کہا کہ اگر احمد شفیق منتخب ہوگئے تو اس سے مصر کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو جائیں گے۔اس الیکشن میں بارہ صدارتی امیدوارں نے حصہ لیا ہے۔اگلے مرحلے کی پولنگ سولہ اور سترہ جون کو ہو گی اور پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کے مابین دوبارہ مقابلہ ہوگا۔
......../169